عمرہ زائرین : صرف سرکاری تصدیق شدہ کمپنیاں ہی عمرہ کروا سکیں گی – اسلام آباد ( ڈسٹرکٹ نیوز ) وفاقی حکومت نے حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے تحت عمرہ انتظامات کو مزید شفاف، محفوظ اور منظم بنانے کے لیے نئے عمرہ رولز کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وفاقی کابینہ کی منظوری سے نافذ ہونے والے ان قواعد کے مطابق آئندہ عمرہ خدمات کی نگرانی، ریگولیشن اور پالیسی سازی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے دائرۂ اختیار میں ہوگی، جبکہ صرف وزارت سے تصدیق شدہ عمرہ کمپنیاں ہی عمرہ خدمات فراہم کرنے کی مجاز ہوں گی۔ نئے نظام کے تحت عمرہ پالیسی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور کریں گے، جبکہ وزارت داخلہ، خارجہ، قانون و انصاف اور کابینہ ڈویژن کے نمائندے اس کے ارکان ہوں گے۔ کمیٹی تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد نئی عمرہ پالیسی مرتب کرے گی۔ وزارت نے تمام عمرہ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزارت کی ویب سائٹ پر جاری طریقہ کار کے مطابق اپنے نسک (Nusuk) معاہدوں کی فوری تصدیق کروائیں تاکہ انہیں مستند عمرہ آپریٹرز کی فہرست میں شامل کیا جا سکے، جبکہ تصدیق شدہ کمپنیوں کی فہرست بھی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔ وزارتِ مذہبی امور نے زائرین کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف تصدیق شدہ عمرہ آپریٹرز کے ذریعے بکنگ کروائیں، غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کے ذریعے بکنگ کی صورت میں پیش آنے والے مسائل کی ذمہ داری متعلقہ افراد پر ہوگی۔ زائرین کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ادائیگیاں بینکنگ چینل کے ذریعے کریں اور رسیدیں، معاہدے اور دیگر دستاویزات محفوظ رکھیں تاکہ کسی بھی شکایت یا تنازع کی صورت میں ان کے حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق نئے رولز کا مقصد غیر قانونی عمرہ آپریٹرز کی حوصلہ شکنی، شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینا اور عمرہ زائرین کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ڈسٹرکٹ نیوز ” لوکل سے گلوبل تک”