میرپور، آزاد کشمیر: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کر لیں۔
ابتدائی نتائج کے مطابق میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں مسلم لیگ (ن) نے 9 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
میرپور، کوٹلی اور بھمبر اضلاع پر مشتمل میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ ہوئی۔ ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک جاری رہا۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پولنگ کا وقت شام 5 بجے ختم ہونا تھا، تاہم چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے میرپور ڈویژن میں ووٹنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کی گئی۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق:
ایل اے 1 میرپور 1:
مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ لے کر کامیاب رہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد نے 9 ہزار 832 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 2 میرپور 2:
پیپلز پارٹی کے قاسم مجید 12 ہزار 904 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 182 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے 3 میرپور 3:
پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان نے 11 ہزار 676 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 9 ہزار 832 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 4 میرپور 4:
مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد نے 13 ہزار 865 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 5 بھمبر 1:
مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور 30 ہزار 259 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف نے 29 ہزار 574 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 6 بھمبر 2:
مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق نے برتری حاصل کی۔
ایل اے 7 بھمبر 3:
مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 35 ہزار 490 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 25 ہزار 100 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 8 کوٹلی 1:
پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 19 ہزار 535 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان نے 11 ہزار 966 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 9 کوٹلی 2:
مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 80 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 509 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 10 کوٹلی 3:
پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 12 ہزار 431 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے فتح محمود الحسن نے 9 ہزار 245 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 11 کوٹلی 4:
مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف 26 ہزار 190 ووٹ کے ساتھ کامیاب رہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق نے 21 ہزار 751 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 12 کوٹلی 5:
مسلم لیگ (ن) کے محمد ریاست خان 35 ہزار 168 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 30 ہزار 320 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 13 کوٹلی 6:
مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 21 ہزار 856 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے نثار انصار ابدالی نے 15 ہزار 859 ووٹ حاصل کیے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ میرپور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور آزاد کشمیر کی ترقی کو پارٹی کی پالیسیوں سے جوڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مظفر آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی عوامی فیصلے سامنے آ رہے ہیں، جبکہ آئندہ مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی کی امید رکھتی ہے۔
دوسری جانب انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں کم رہا اور ماضی کی نسبت کم تعداد میں شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔