وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کی جانب سے 6 غیر مقامی مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنا کر انتہائی سفاکیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم مزدوروں کی جانیں لینا نہ صرف انسانیت پر حملہ ہے بلکہ بلوچستان کی ترقی، امن اور عوام کے روزگار کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش بھی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گرد اب نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 6 غیر مقامی مزدوروں کو بے دردی سے قتل کرنے والے درندہ صفت عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کی تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور اس غم کی گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔