کراچی: کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے الحاق کی تجدید کا شیڈول جاری
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اکیڈمک سیشن 2026-27 کے لیے سرکاری و نجی کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے الحاق کی تجدید کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
بورڈ کے مطابق الحاق کی تجدید کے خواہشمند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے 16 اکتوبر 2026 تک اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ سرکاری تعلیمی اداروں سے الحاق کی تجدید کی مد میں کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی، تاہم پروفارما فیس کی صورت میں 1000 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
مقررہ مدت میں درخواست جمع نہ کرانے والے سرکاری اداروں کو 19 سے 30 اکتوبر تک 1000 روپے لیٹ فیس کے ساتھ، جبکہ 2 سے 20 نومبر 2026 تک 2000 روپے لیٹ فیس کے ساتھ درخواست جمع کرانے کی سہولت دی گئی ہے۔ یوں دونوں صورتوں میں پروفارما فیس سمیت بالترتیب 2000 اور 3000 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
دوسری جانب نجی تعلیمی اداروں کے لیے الحاق کی تجدید کی نارمل فیس 22 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 1000 روپے پروفارما فیس سمیت مجموعی طور پر 23 ہزار 500 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
نجی ادارے بھی 19 سے 30 اکتوبر تک 1000 روپے اور 2 سے 20 نومبر تک 2000 روپے لیٹ فیس کے ساتھ اپنی درخواستیں جمع کراسکیں گے۔
بورڈ سے الحاق کی تجدید کے اہل سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے متعلقہ پروفارما اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کرسکتے ہیں۔ مکمل شدہ درخواست فارم مقررہ فیس کے پے آرڈر، جو سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے نام ہو، کے ساتھ بورڈ آفس میں جمع کرانا ہوگا۔
بورڈ کے مطابق اگر کوئی سرکاری کالج یا ہائیر سیکنڈری اسکول نئی فیکلٹی یا مضمون شامل کرنا چاہتا ہے تو اسے الحاق کی تجدید کی درخواست میں اس کی وضاحت کرنا ہوگی۔
اسی طرح نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے نئے گروپ یا فیکلٹی کے اضافے کی صورت میں الحاق کی تجدید کی مقررہ فیس کے علاوہ 27 ہزار روپے اضافی فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔
