نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب اور دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 17 ستمبر 2026 تک متوقع بارشوں کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں اور ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ گلگت بلتستان کے گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر میں اچانک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی کے علاقوں کو بھی ممکنہ خطرے والے علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
عوام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی علاقوں سے گزرنے سے گریز کریں اور موسم سے متعلق معلومات کے لیے مستند ذرائع سے رجوع کریں۔
