…
بلوچستان میں امن و استحکام کیلئے اداروں میں مؤثر رابطہ ناگزیر ہے: فیلڈ مارشل عاصم منیر
- کوئٹہ ( ڈسٹرکٹ نیوز ) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز و کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔
کوئٹہ (ڈسٹرکٹ نیوز) — چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز و کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے فوجی جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، اعلیٰ آپریشنل تیاری اور ملک و قوم کے لیے بے لوث خدمات کو سراہا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل اور مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا محور ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم اور محفوظ ماحول ترقیاتی منصوبوں، معاشی سرگرمیوں اور عوام کے لیے بہتر مواقع کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
آرمی چیف نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے افسران اور جوانوں کی فرض شناسی، عزم اور ثابت قدمی کو بھی سراہا۔
کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔
