کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ پسنی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں کو قلات کے علاقے جٹک آباد اور گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ بیان کے مطابق یہ ٹھکانے مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو قلات کے علاقے جٹک آباد میں کارروائی کی گئی، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے، جبکہ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود کی بڑی مقدار بھی برآمد کی گئی۔
دوسری جانب ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم پھٹنے سے پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں
