کوئٹہ: بلوچستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں دوبارہ بھرپور انداز میں جاری ہیں اور ایوب اسپورٹس کمپلیکس کوئٹہ میں چھٹے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کا آغاز ہوگیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 81 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس کے باعث ایونٹ کو قومی سطح پر فٹبال کے بڑے مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
افتتاحی میچ میں بلوچ کلب نوشکی نے افغان کلب چمن کو ایک گول سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ ماہی گیری حاجی برکت رند نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
سیکرٹری کھیل دُرا بلوچ، ڈائریکٹر جنرل کھیل یاسر بازئی اور کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 30 لاکھ روپے، رنر اپ کو 15 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
