بلوچستان پر منفی پروپیگنڈا بے نقاب، ریاست براہِ راست عوام کے ساتھ کھڑی ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر راولپنڈی (ڈسٹرکٹ نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حوالے سے منظم انداز میں منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، حالانکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، تاہم بعض بااثر عناصر اور سردار صوبے میں تعلیم، ترقی اور عوامی فلاح کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے براہِ راست اقدامات کر رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر میں پاک چین دوستی اسپتال، دیہی مراکز صحت، بچوں کی ڈسپنسریاں اور صنعتی فری زون سمیت متعدد منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1947ء کے مقابلے میں بلوچستان میں تعلیم، صحت اور بنیادی انفراسٹرکچر کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی ریاست کی اولین ترجیح ہے اور ترقی کا سفر ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔