یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب میں متعدد اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم سعودی حکام کی جانب سے ان حملوں کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
حوثیوں کے فوجی ترجمان کے مطابق گروپ نے سعودی عرب میں تین فوجی کارروائیاں کیں، جن میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور رابغ میں آرامکو کی ریفائنری کو مبینہ طور پر نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، خمیس مشیط کے فوجی اڈے اور نجران و جازان کے مختلف مقامات کو بھی کارروائیوں کا ہدف بنانے کا دعویٰ کیا۔
حوثیوں کے یہ دعوے ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔ تاہم حملوں میں ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
