یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کی فضائی حدود کو محفوظ قرار نہ دیتے ہوئے وہاں پروازیں چلانے والی ایئرلائنز کو خبردار کردیا ہے۔
حوثیوں سے وابستہ میڈیا کے مطابق ان کے میری ٹائم آپریشنز کوآرڈی نیشن سینٹر نے کہا ہے کہ سعودی فضائی حدود ان کی مسلح کارروائیوں کا ممکنہ مرکز بن سکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ وارننگ یمن میں سعودی حمایت یافتہ فورسز کی جانب سے حوثیوں کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کے بعد سامنے آئی ہے۔
سعودی قیادت میں اتحاد کے ترجمان کے مطابق تقریباً 100 جنگی طیاروں نے آپریشن ڈان آف یمن کے تحت یمنی حکومتی فورسز کو فضائی مدد فراہم کی۔
سعودی حمایت یافتہ یمنی فورسز نے بحیرہ احمر میں باب المندب کے اطراف مختلف علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
دوسری جانب حوثیوں نے اتحادی فوج کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کارروائی کی کامیابی کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
