اسلام آباد (ڈسٹرکٹ نیوز): وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں اہم انتظامی تبدیلی کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فخر TV عالم عرفان کو نیا چیف سیکریٹری تعینات کر دیا، جبکہ موجودہ چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کو عہدے سے تبدیل کرکے فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات بھی خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے 11 اکتوبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر ہیں۔ وہ اس سے قبل وفاقی وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن میں سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی بطور چیف سیکریٹری تعیناتی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور وہ تاحکمِ ثانی اس عہدے پر فرائض انجام دیں گے۔ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کا تعلق ضلع مردان سے ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے گریڈ 21 کے افسر شہاب علی شاہ کو چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کے عہدے سے تبدیل کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ احکامات کے تحت انہیں سول سرونٹس ایکٹ 1973 کی دفعہ 10 کے تحت فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کو گزٹ آف پاکستان میں اشاعت کے لیے بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
ادھر وفاقی حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات بھی خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کر دی ہیں۔ سول سرونٹس ایکٹ 1973 کی دفعہ 10 کے تحت جاری احکامات کے مطابق ان کی تعیناتی تاحکمِ ثانی برقرار رہے گی۔ محمد یحییٰ اخونزادہ اس سے قبل وزیراعظم آفس میں ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے پر تعینات تھے اور ان کا تعلق ضلع چارسدہ سے ہے۔
محمد یحییٰ اخونزادہ مختلف اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دینے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ جنوبی اور شمالی وزیرستان میں ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ، خیبر پختونخوا میں سیکریٹری صحت، سیکریٹری اطلاعات اور سیکریٹری تعلیم کے علاوہ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان بھی رہ چکے ہیں۔
وفاقی حکومت کے ان احکامات کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کی اعلیٰ انتظامی قیادت میں اہم تبدیلیاں عمل میں آئی ہیں۔
ڈسٹرکٹ نیوز — خبر وہی، جو حقیقت کے قریب!
