خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقوں گورندر اور ماشکیل میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ماشکیل میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کو فورسز نے بروقت کارروائی کرکے نشانہ بنایا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
