ڈیرہ اسماعیل خان (ڈسٹرکٹ نیوز): درابن روڈ پر محبوب پٹرول پمپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کار سوار دو افراد کو قتل کردیا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق محمد عالم ولد جان عالم شیرانی نے تھانہ درابن میں رپورٹ درج کرائی کہ اس کا بھائی عمر عالم شیرانی اپنے دوست محمد عرفان کے ہمراہ موٹرکار میں درازندہ جا رہا تھا۔ محبوب پٹرول پمپ کے قریب دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں عمر عالم شیرانی اور محمد عرفان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ مدعی کے مطابق مقتولین کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش اور مزید تفتیش شروع کردی ہے
