ڈیرہ اسماعیل خان (محمدفاروق بلوچ سے)شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی،ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غلام مبشر میکن ۔ تفصیلات کے مطابق مفتی محمود چوک بائی پاس روڈ ڈیرہ اسماعیل خان پر نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ہائی وے ٹریفک پولیس کانسٹیبل حبیب جبکہ بھٹنی پٹرول پمپ نزد قریشی موڑ پر دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے ایف بی آر اہلکار رحمت اللہ اور سلیمان کی مشترکہ نمازِ جنازہ اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔نمازِ جنازہ میں ممبر قومی اسمبلی فیصل امین خان گنڈہ پور، کمشنر ڈیرہ ڈویژن دائودخان، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر سلمان عادل شاہ، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غلام مبشر میکن، ڈی پی او ڈیرہ ضیا الدین احمد، ڈی سی ایف بی آر، سیاسی و سماجی شخصیات، پولیس و سیکیورٹی فورسز کے اعلی افسران، دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں سمیت شہدا کے ورثا نے شرکت کی۔اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی،شرکا نے شہدا کے جسدِ خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے درجات کی بلندی، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔اس موقع پر اعلی حکام نے شہدا کے ورثا سے ملاقات کی، ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ شہدا کی قربانیاں ریاست اور قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ریاست اپنے شہدا کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت و سرپرستی یقینی بنائی جائے گی۔ دہشت گرد عناصر یہ جان لیں کہ بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری یکسوئی، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہیں۔شہدا ہمارے قومی ہیروز ہیں؛ ان کی قربانیاں ہمارے عزم، حوصلے اور جدوجہد کو نئی قوت فراہم کرتی ہیں۔ پولیس اور تمام سیکیورٹی و قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے شہدا کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے امن دشمن عناصر کے خلاف متحد اور پرعزم رہیں گے۔
