اسکول حادثے میں ناقص تعمیراتی میٹریل کے استعمال پر مالک ذمہ دار قرار
پشاور: دیر کالونی اسکول حادثے کی انکوائری رپورٹ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو پیش کردی گئی ہے، جس میں حادثے کی وجوہات کا جائزہ لینے کے بعد ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت انکوائری رپورٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم اور انکوائری کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران انکوائری کمیٹی نے رپورٹ پیش کی اور گورنر کو حادثے کی وجوہات، متعلقہ افسران کے بیانات، محکموں کی ذمہ داریوں، تحقیقات کے نتائج اور سفارشات سے آگاہ کیا۔
رپورٹ میں اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال پر اسکول کے مالک کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ محکموں کی جانب سے مبینہ غفلت کے پہلوؤں پر بھی گورنر کو بریفنگ دی گئی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ رپورٹ کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ قانون سے مشاورت کی جائے اور حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
