راولپنڈی: جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد صورتحال سنگین ہوگئی، نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد سے آنے والا بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے باعث نالہ لئی کے اطراف میں خطرے کے سائرن بھی بجا دیے گئے ہیں۔
کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 18.5 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر بھی پانی کی سطح 11 فٹ ریکارڈ کی گئی۔ پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث ضلعی انتظامیہ نے نشیبی آبادیوں کے مکینوں کو فوری انخلا کی ہدایت کی۔
شدید بارش کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی پانی جمع ہوگیا۔ نیو کٹاریاں میں 120 ملی میٹر، گولڑہ میں 119 ملی میٹر جبکہ شمس آباد میں 104 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے یکم ستمبر کو ضلع راولپنڈی کی حدود میں مقامی تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ تاہم ہنگامی نوعیت کے محکمے، ادارے اور متعلقہ اتھارٹیز معمول کے مطابق خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نالہ لئی سمیت دیگر نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔ انتظامیہ نے نالہ لئی کے کنارے آباد شہریوں کو صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ایکسپریس وے پر بھی بارش کا پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں، جبکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق پاک فوج اور امدادی ادارے انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ ٹرپل ون بریگیڈ بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ تاہم فی الحال ٹرپل ون بریگیڈ کو طلب نہیں کیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح میں تقریباً ایک فٹ کمی آئی ہے اور بارش بھی تھم چکی ہے، جس کے باعث امید ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں صورتحال میں بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔
ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
