آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن کے سیکرٹری جنرل سفیر سہیل محمود نے ترکیہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی تعاون
(TİKA) کے صدر عبداللہ ایرن اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کے ادارے (KOSGEB) کے صدر احمد سردار ابراہیم جی اوغلو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی تعاون کے فروغ اور ڈی-8 رکن ممالک کی ترقی کے لیے مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر سہیل محمود اور عبداللہ ایرن کے درمیان ملاقات میں ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، استعداد کار میں اضافے، ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ ڈی-8 ممالک کے درمیان عملی تعاون کے ذریعے اقتصادی اور سماجی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب سفیر سہیل محمود کی KOSGEB کے صدر احمد سردار ابراہیم جی اوغلو سے ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو بااختیار بنانے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر جدت طرازی، کاروباری مواقع، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، مالی معاونت کے نظام اور مضبوط کاروباری ماحول کے فروغ سے متعلق تعاون کے امکانات زیر بحث آئے۔
سفیر سہیل محمود نے دونوں ترک اداروں کی جانب سے ڈی-8 خطے میں عملی تعاون کے فروغ، پائیدار اقتصادی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے فراہم کی جانے والی حمایت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شراکتی اقدامات ڈی-8 ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گے
