ڈسکہ، سیالکوٹ (بیورو چیف رانا اعظم کی رپورٹ)
ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (ڈی سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی حنا ارشد وڑائچ اور ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کی۔ اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی اور ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار، سابق رکن قومی اسمبلی رانا شمیم احمد، اراکین صوبائی اسمبلی طارق سبحانی، چوہدری فیصل اکرام اور چوہدری نوید اشرف سمیت دیگر منتخب نمائندوں اور ڈی پی او سیالکوٹ دوست محمد نے شرکت کی۔
رکن صوبائی اسمبلی حنا ارشد وڑائچ نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ان کے حلقوں میں جاری منصوبوں کے ہر مرحلے سے آگاہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے کے مختلف شعبوں میں بہتری اور ترقی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں ضلعی سطح کے مختلف امور، عوامی مسائل اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی عملداری اور امن برقرار رکھنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے اقدامات کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس موقع پر عوامی فلاح و بہبود کے معاملات کو باہمی مشاورت سے آگے بڑھانے اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
