وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے وزیراعظم کی ذہانت کا موازنہ معروف سائنسدان آئزک نیوٹن سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کا آئی کیو نیوٹن کے قریب ہے۔
ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حذیفہ رحمان نے وزیراعظم کے کام کرنے کے انداز اور وفاقی کابینہ کے ارکان کی کارکردگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک مسلسل کام کرتے ہیں اور ہر ہفتے وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی منعقد کرتے ہیں۔
حذیفہ رحمان کے مطابق وزیراعظم بدعنوانی اور نااہلی کو کسی صورت برداشت نہیں کرتے اور ایسے افراد کو اپنے قریب رکھنے کے بھی قائل نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی وزیر کی کارکردگی اطمینان بخش نہ ہو تو وہ وزیراعظم کے قریبی حلقے میں اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی صلاحیتوں اور قابلیت کے معیار پر پورا اترنا آسان نہیں۔ اگر وزیراعظم کو اختیار ہو تو کابینہ کے 55 وزیروں میں سے 52 یا 53 کو فارغ کردیں اور صرف 2 یا 3 وزرا ہی باقی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اکثر وزیراعظم سے کہتے ہیں کہ ان کا آئی کیو آئزک نیوٹن کے قریب ہوگا۔ حذیفہ رحمان کے بقول فارغ ہونے سے بچ جانے والوں میں ان کا نام بھی شامل ہوگا کیونکہ ان کا اپنا آئی کیو بھی وزیراعظم کے قریب قریب ہے۔
