نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لائن سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی رابطوں اور باہمی مشاورت کے عمل میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ وسیع البنیاد شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی یونین کے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر مؤثر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قیادت کی سطح پر مسلسل رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور یورپی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے جی ایس پی پلس کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور پرامن طریقہ کار کو اہم قرار دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دہرائی۔
