لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شان مسعود انگلی میں فریکچر کے باعث قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن سے باہر ہوگئے، جس کے بعد چار روزہ پریکٹس میچ میں ان کی شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شان مسعود نے لندن میں قومی ٹیم کے پہلے روز کے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ انگلی کی انجری کے باعث انہیں ٹریننگ سے آرام دیا گیا ہے، جبکہ ان کی فٹنس کا دوبارہ طبی معائنہ کل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے نتائج سامنے آنے کے بعد ٹیم مینجمنٹ اور میڈیکل پینل شان مسعود کی انجری کی نوعیت اور فٹنس کا جائزہ لے گا۔
اس جائزے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ سابق کپتان کو چار روزہ پریکٹس میچ میں میدان میں اتارا جائے یا انہیں مزید آرام دیا جائے۔
موجودہ صورتحال میں شان مسعود کی پریکٹس میچ میں شرکت کے امکانات کم نظر آ رہے ہیں، تاہم ان کی حتمی دستیابی کا فیصلہ طبی معائنے کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
ٹیم مینجمنٹ شان مسعود کی انجری کے حوالے سے احتیاطی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے تاکہ انہیں مکمل فٹنس حاصل ہونے سے قبل میدان میں نہ اتارا جائے۔
