لسبیلہ میں مسافر بس اور وین کے درمیان خوفناک تصادم، 12 افراد جاں بحق، 15 سے زائد زخمی
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں اوتھل پوائنٹ کے قریب مسافر بس اور وین کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مسافر بس لسبیلہ سے کراچی جا رہی تھی کہ اوتھل پوائنٹ کے قریب وین سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 15 سے زائد زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیمیں، ضلعی انتظامیہ اور مقامی افراد جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
حادثے کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جسے بحال کرنے کے لیے پولیس نے اقدامات کیے۔ حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کی شناخت سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ احتیاط کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائیں۔
