اسلام گڑھ(نامہ نگار)
صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس ضلع بھمبر راجہ طاہر اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی تنازعہ ہے اور اس کا منصفانہ حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں ہی ممکن ہے۔ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز خصوصاً اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر اہم پلیٹ فارمز پر مؤثر، جارحانہ اور مسلسل انداز میں اٹھائے تاکہ دنیا ایک بار پھر اس سنگین انسانی المیے کی طرف توجہ دے سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ طاہر اقبال نے کہا کہ مسلم کانفرنس کشمیریوں کی حقیقی نمائندہ جماعت ہونے کے ناطے اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ الحاقِ پاکستان کی منزل صرف ایک مضبوط، بھرپور اور جارحانہ سفارتی حکمت عملی کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سفارتی جمود کو توڑا جائے اور عالمی طاقتوں کو مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور نوجوانوں کی بے دریغ گرفتاریوں سے قائل کیا جائے۔
