واشنگٹن: پاکستانی سفارت خانے واشنگٹن ڈی سی میں یومِ دفاع و شہدا کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارت کاروں، مختلف ممالک کے سول و ملٹری اتاشیوں اور اعلیٰ امریکی حکام نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ملکی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی اور وطن سے بھرپور یکجہتی اور والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
1965 کی جنگ میں قومی اتحاد کی مثال قائم ہوئی
امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1965 میں دشمن کے مذموم عزائم کے خلاف پاکستانی قوم نے شجاعت، قومی اتحاد اور یکجہتی کی مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع و شہدا ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے دی گئیں۔
مسلح افواج کے عزم کا اعادہ
پاکستانی دفاعی اتاشی نے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے مسلح افواج کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے بھی ملک کی ترقی، بقا اور حفاظت کے لیے اپنے عہد کی تجدید کی اور شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
