اسپورٹس ڈیسک: 2027 کرکٹ ورلڈکپ کے پاک بھارت میچ کے لیے ٹکٹوں کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے لیے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق ٹکٹ بیلٹ کھلنے کے ابتدائی 48 گھنٹوں سے زائد وقت میں ورلڈکپ کے مختلف میچز کے لیے 10 لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ مجموعی طور پر 11 لاکھ سے زائد ٹکٹ درخواستیں جمع ہوچکی ہیں۔
پاک بھارت مقابلے کے علاوہ جنوبی افریقا اور بھارت کے میچ کے لیے 92 ہزار سے زائد، جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کے میچ کے لیے 86 ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں۔ 21 نومبر کو شیڈول فائنل کے لیے بھی تقریباً 69 ہزار درخواستیں جمع ہوچکی ہیں۔
ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹریشن 21 نومبر کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک جاری رہے گی۔ رجسٹریشن مفت ہے اور ٹکٹوں کی تقسیم پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر نہیں ہوگی۔
اگر کسی میچ کے لیے درخواستیں دستیاب ٹکٹوں سے زیادہ ہوئیں تو کامیاب امیدواروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا، جبکہ کامیاب اور ناکام درخواست گزاروں کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
