اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.7 فیصد تک پہنچ گئی، جو گزشتہ مالی سال میں 3.2 فیصد تھی۔
اے ڈی بی کے مطابق خدمات، مینوفیکچرنگ، زراعت اور نجی سرمایہ کاری نے معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ سیلابی نقصانات کے باوجود مالی سال 2026 میں زرعی شعبے کی شرح نمو 2.9 فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 میں پاکستان میں نجی سرمایہ کاری میں 8.6 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری سے بیرونی مالیاتی صورتحال میں بھی استحکام آیا۔
اے ڈی بی نے بتایا کہ پاکستان نے اپریل اور مئی 2026 میں یورو بانڈ اور پانڈا بانڈ کے ذریعے عالمی کیپٹل مارکیٹس تک دوبارہ رسائی حاصل کی۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 میں اوسط مہنگائی 7.1 فیصد رہی، جبکہ مالی سال 2027 میں یہ شرح 8.3 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ پاکستان کی توانائی درآمدات کی لاگت بڑھا سکتا ہے، جبکہ خلیجی ممالک میں روزگار متاثر ہونے کی صورت میں ترسیلات زر پر بھی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں عالمی مالیاتی حالات، ٹیکس وصولیوں، موسمیاتی خطرات اور توانائی و سرکاری اداروں میں اصلاحات میں تاخیر کو بھی معاشی چیلنجز میں شمار کیا گیا ہے۔
