پختونخوا یوتھ اسمبلی کے بانی و چیئرمین نصراللہ حسرت، صدر ناصر اورکزئی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جمال شاہ نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں ملکی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کے حقوق، آزادی، عزت و وقار کا تحفظ ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، رواداری، بھائی چارے اور انسانیت کا درس دیتا ہے۔ پاکستان کے قیام اور ترقی میں اقلیتی برادریوں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
پختونخوا یوتھ اسمبلی کی قیادت نے کہا کہ نوجوان نسل کو مذہبی ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان اسی وقت ممکن ہے جب تمام شہریوں کو بلاامتیاز مساوی حقوق، مواقع اور تحفظ حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ پختونخوا یوتھ اسمبلی اقلیتوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کے حقوق، مساوات اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنی آواز مؤثر انداز میں بلند کرتی رہے گی۔انہوں نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے تمام پاکستانیوں کو اقلیتوں کے قومی دن پر مبارکباد پیش کی اور ملک میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
