حیات آباد سے دو بچوں کے اغوا کا معاملہ، کوہاٹ روڈ سے سرکاری افسر کی گاڑی مل گئی
پشاور: حیات آباد میں ایک سرکاری افسر کے دو بچوں کے مبینہ اغوا کے معاملے میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حکام کے مطابق گریڈ 21 کے افسر اکرام اللہ خان کی گاڑی پشاور کی کوہاٹ روڈ سے برآمد کر لی گئی ہے۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ اغوا کار مبینہ طور پر بچوں کو لے جاتے وقت افسر کی گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ واقعے کی تفتیش کے سلسلے میں سرکاری افسر کی رہائش گاہ کے قریب واقع گھروں کی بھی چیکنگ کی گئی۔
حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات کے لیے چار ٹیمیں کام کر رہی ہیں، جبکہ ملزمان کی نقل و حرکت اور واقعے سے متعلق شواہد جمع کرنے کے لیے جیو فینسنگ بھی کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حیات آباد میں سرکاری افسر کی رہائش گاہ سے ان کے دو بچوں کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ حیات آباد میں درج ہے۔
بچوں کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری سے متعلق مزید پیش رفت کا انتظار ہے۔
