کراچی: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے والنٹری پنشن اسکیم کے تحت ’پیسو ایکویٹی سب فنڈ‘ متعارف کرا دیا ہے، جس کی سہولت یکم جنوری 2027 سے دستیاب ہوگی۔
ایس ای سی پی کے مطابق نئے فنڈ کا مقصد پنشن بچت کنندگان کو اسٹاک مارکیٹ میں نسبتاً سادہ اور کم لاگت سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرنا ہے۔ یہ فنڈ مخصوص مارکیٹ انڈیکس کو ٹریک کرتے ہوئے سرمایہ کاری کرے گا۔
نیا سب فنڈ موجودہ ایکویٹی، ڈیٹ اور منی مارکیٹ سب فنڈز کے ساتھ دستیاب ہوگا، جس سے بچت کنندگان کو ایکٹو اور پیسو فنڈز میں انتخاب کی سہولت ملے گی۔
ایس ای سی پی کے مطابق فنڈ مینیجرز براہ راست مارکیٹ انڈیکس کو فالو کرسکیں گے یا پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ای ٹی ایف میں سرمایہ کاری کے ذریعے فنڈ چلا سکیں گے۔ ای ٹی ایف پر مبنی آپشن میں سالانہ مینجمنٹ فیس زیادہ سے زیادہ 0.75 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ریٹائرمنٹ کے لیے طویل مدتی بچت کو آسان اور کم لاگت بنانا اور قومی پنشن نظام کو مزید مستحکم کرنا ہے
