وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق حافظ نعیم الرحمٰن اسلام آباد میں وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے جماعت اسلامی کے امیر کو ملاقات کے لیے مدعو کیا ہے، جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ٹیلی فون پر جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کو اس بارے میں آگاہ کیا۔
لیاقت بلوچ کے مطابق ملاقات میں پیٹرولیم لیوی کا معاملہ زیر بحث آئے گا، تاہم ملاقات کے دن کی حتمی تصدیق نہیں ہوسکی۔ جماعت اسلامی کی تکنیکی کمیٹی پہلے ہی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم کرنے کی تجویز دے چکی ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، تاہم وزیراعظم کی جانب سے رابطے اور ملاقات کی دعوت کے بعد مارچ مؤخر کردیا گیا۔ متوقع ملاقات میں پیٹرولیم قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے ممکنہ اقدامات پر بات چیت ہوگی۔
