ڈارون: بنگلادیش کے فاسٹ بولر حسن محمود کی شاندار بولنگ کے سامنے آسٹریلوی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اور میزبان ٹیم پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی روز 198 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی 45 رنز کی شراکت کے بعد بنگلادیشی بولرز نے مسلسل وکٹیں حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو دباؤ میں ڈال دیا۔ جیک ویدرالڈ 23، ٹریوس ہیڈ 22، کیمرون گرین 13 جبکہ مارنس لبوشین صرف ایک رن بنا سکے۔
اسٹیو اسمتھ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور ایلکس کیری کے ساتھ 55 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم 129 کے مجموعی اسکور پر کیری 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد آسٹریلوی اننگز زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی۔
اسٹیو اسمتھ 71 رنز کے ساتھ آسٹریلیا کے سب سے نمایاں بلے باز رہے، جبکہ بیو ویبسٹر 12، کپتان پیٹ کمنز 9، نیتھن لیون 7 اور مچل اسٹارک ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 6 وکٹیں 55 رنز کے عوض حاصل کیں اور آسٹریلوی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ تسکین احمد اور عبادت حسین نے بھی 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ حسن محمود کی 6 وکٹوں کی کارکردگی بنگلادیش کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں بہترین بولنگ پرفارمنس بن گئی۔
بنگلادیشی فاسٹ بولرز نے مجموعی طور پر آسٹریلیا کی تمام 10 وکٹیں حاصل کیں، جو اس ٹیم کے لیے ایک قابلِ ذکر کارنامہ ہے۔
آسٹریلیا کے 198 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد بنگلادیش نے اپنی پہلی اننگز شروع کی اور دن کے اختتام تک 27 رنز بغیر کسی نقصان کے بنا لیے، یوں مہمان ٹیم کو آسٹریلیا پر ابتدائی برتری حاصل ہوگئی
