اسلام آباد/باغ (ڈسٹرکٹ نیوز) وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کے نوٹس پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال باغ میں مبینہ طبی غفلت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ کمیٹی کو ایک روز کے اندر تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال باغ میں آپریشن کے تقریباً ایک سال بعد ایک خاتون کے پیٹ سے مبینہ طور پر 200 گرام پٹیاں برآمد ہونے کی خبر سامنے آئی تھی، جس پر وزیراعظم آزادکشمیر نے واقعے کا فوری نوٹس لیا۔
وزیراعظم نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کو واقعے کی شفاف تحقیقات، ذمہ داران کا تعین اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں قائم انکوائری کمیٹی میں سینئر گائناکالوجسٹ ڈاکٹر شاہدہ پروین اور سینئر سرجیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر اکرم شامل ہیں۔
انکوائری کمیٹی واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ایک روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جس کی روشنی میں مبینہ طبی غفلت کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔
:
۔
