کراچی سمیت سندھ میں آئندہ 3 ماہ بھی کم بارشوں کی پیشگوئی
کراچی: رواں سال مون سون سیزن کے دوران کراچی میں بارشیں معمول سے انتہائی کم رہیں، جبکہ اندرونِ سندھ میں بھی معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے اب ستمبر سے نومبر تک آئندہ تین ماہ کے دوران سندھ میں بارشوں کے حوالے سے پیشگوئی جاری کردی ہے۔
موسمیاتی ماڈلز کے مطابق سندھ میں آئندہ تین ماہ کے دوران خشک موسم غالب رہنے کا امکان ہے، جبکہ ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں صوبے کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی سندھ میں بارشیں معمول سے کم رہنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر بیشتر علاقوں میں بھی بارشوں کے امکانات کم ہیں۔
پیشگوئی کے مطابق ستمبر سے نومبر کے دوران سندھ کے بعض علاقوں میں بارشوں کی کمی برقرار رہ سکتی ہے، جس کے باعث صوبے میں خشک موسمی حالات غالب رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بعض دیگر علاقوں کے لیے نسبتاً بہتر بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ بالائی پنجاب، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین ماہ کے دوران ملک کی موسمی صورتحال پر ایل نینو اور انڈین اوشن ڈائی پول (IOD) کے اثرات برقرار رہنے کا بھی امکان ہے۔
