کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم 28 اکتوبر کو ہانگ کانگ روانہ ہوگی، بھارت اور متحدہ عرب امارات سے مقابلے متوقع
دفاعی چیمپئن پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ عباس آفریدی کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، جبکہ رضا کچلو ٹیم منیجر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان عباس آفریدی کے علاوہ عبدالصمد، احمد دانیال، محمد عرفان خان، خواجہ نافع، محمد شہزاد اور سعد مسعود شامل ہیں۔
ہانگ کانگ سکسز کا تین روزہ ایونٹ 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں شرکت کریں گی، جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان کو گروپ سی میں بھارت اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے، جس کے باعث گروپ مرحلے میں دلچسپ مقابلوں کی توقع ہے۔
قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے 28 اکتوبر کو ہانگ کانگ روانہ ہوگی۔ پاکستان گزشتہ ایونٹ کا دفاعی چیمپئن ہونے کے ناتے اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میدان میں اترے گا۔
