کراچی: آئی ٹی سی این ایشیا 2026 کی تین روزہ نمائش کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری ہے، جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے ٹیکنالوجی اور کاروباری شعبے سے وابستہ افراد شریک ہیں۔
نمائش کا مقصد پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کو تقویت دینا ہے۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی معاونت سے منعقدہ ایونٹ میں 350 سے زائد بین الاقوامی مندوبین، 18 ہزار 500 سے زیادہ اعلیٰ سطحی کاروباری شخصیات اور 75 ہزار سے زائد تجارتی وزیٹرز کی شرکت بتائی گئی ہے۔
چین، آذربائیجان، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، ترکیہ، مصر، برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ سمیت مختلف ممالک کے نمائندے بھی نمائش کا حصہ ہیں۔
ایونٹ میں مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، فن ٹیک اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سمیت جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
منتظمین کے مطابق آئی ٹی سی این ایشیا پاکستانی ٹیکنالوجی شعبے کے لیے عالمی سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے ساتھ روابط بڑھانے کا اہم پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔
