اسلام آباد: دارالحکومت میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریلی نکالنے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف کے متعدد کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق کرنل شیر خان روڈ پر مظاہرین کو منتشر ہونے کی ہدایت دی گئی، تاہم مبینہ طور پر احتجاج جاری رکھا گیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
مقدمے میں سرکاری امور میں مداخلت، ہنگامہ آرائی، سڑک بلاک کرنے اور دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعض مظاہرین پر اہلکاروں سے ہاتھا پائی اور پتھراؤ کے الزامات بھی ہیں۔
مقدمے میں عامر مغل، ملک عامر، نعیم آرائیں، بشارت کاکاخیل سمیت متعدد رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ 40 سے 50 نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر نامزد اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
