این ڈی ایم اے نے دریاؤں میں پانی کی صورتحال پر الرٹ جاری کر دیا، متعدد علاقوں میں سیلاب کا خدشہ
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دریاؤں اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں درمیانے اور نچلے درجے کے سیلاب جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید پانی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق دریائے چناب میں خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ وزیرآباد کے پلکھو نالہ میں بھی درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ کے کالاباغ، چشمہ اور تونسہ، دریائے چناب کے مرالہ اور تریموں، دریائے راوی کے بلوکی اور سدھنائی، جبکہ دریائے کابل کے نوشہرہ مقام پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ اس کے علاوہ نالہ ایک اور پلکھو نالہ کینٹ پل پر بھی کم درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب کے مرالہ، خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے، جبکہ تریموں بیراج پر بھی پانی کی سطح بڑھ کر درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ سکتی ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں، خیبرپختونخوا کے برساتی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں اچانک سیلاب آنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ملتان، حافظ آباد اور لاہور کے شہری علاقوں میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے، حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی امدادی ٹیموں کی تیاری اور ممکنہ طور پر بند ہونے والی شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ادارے نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔