راولپنڈی: موسلادھار بارش کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں چھ سالہ بچی نالے میں گر کر لاپتا ہوگئی، جس کے بعد ریسکیو اداروں نے وسیع سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بچی اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھر واپس جا رہی تھی کہ شدید بارش کے باعث پانی کے تیز بہاؤ میں نالے میں جا گری۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر تمام متعلقہ محکموں کو ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا ہے جبکہ شہری علاقوں میں کھلے مین ہولز اور نکاسی آب کے نظام کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
