سندھ میں رواں سال ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد ملیریا کیسز رپورٹ
کراچی: محکمہ صحت سندھ نے رواں سال صوبے میں ملیریا کے رپورٹ ہونے والے کیسز کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق سندھ بھر میں اب تک ایک لاکھ 17 ہزار 16 افراد میں ملیریا کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال سندھ میں سیریبرل ملیریا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، جبکہ حیدرآباد ڈویژن کیسز کی تعداد کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثرہ ڈویژن رہا، جہاں 46 ہزار 183 کیسز سامنے آئے۔
اعداد و شمار کے مطابق لاڑکانہ ڈویژن میں ملیریا کے 33 ہزار 785 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ سکھر ڈویژن میں 12 ہزار 58 افراد میں ملیریا کی تشخیص ہوئی۔
اسی طرح شہید بینظیر آباد ڈویژن میں 13 ہزار 5، میرپورخاص ڈویژن میں 10 ہزار 898 اور کراچی ڈویژن میں ایک ہزار 87 ملیریا کیسز رپورٹ کیے گئے۔
محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے مختلف ڈویژنز میں ملیریا کے کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم رواں سال سیریبرل ملیریا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
