ریاض: سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے یمن سے جنوبی علاقوں کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا، جس کے بعد تین اہم علاقوں میں ہنگامی خطرے کی صورتحال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق حوثی جنگجوؤں کی جانب سے داغے گئے میزائل کو مملکت کے دفاعی نظام نے کامیابی سے روک لیا۔
دوسری جانب سعودی محکمہ شہری دفاع نے نجران، ابہا اور خمیس مشیط میں خطرے کے الرٹس ختم ہونے کی اطلاع جاری کردی۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور حساس یا متاثرہ مقامات پر غیر ضروری طور پر جمع ہونے سے گریز کریں۔
شہری دفاع کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری 998 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
سعودی حکام نے مزید خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کے واقعات کی ویڈیوز بنانا، حساس مقامات کی تصاویر لینا یا ایسی معلومات سوشل میڈیا پر پھیلانا قانونی کارروائی کا باعث بن سکتا ہے۔
