لاہور: کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کا آغاز ہو چکا ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت کے لیے فوری طور پر این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے سی پی ایل میں منتخب پاکستانی کرکٹرز کو نیشنل چیمپئنز کپ مکمل ہونے کے بعد این او سی دیے جائیں گے۔ بورڈ کا مؤقف ہے کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں قومی کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
رواں سال سی پی ایل کی مختلف فرنچائزز نے پاکستان کے 8 کھلاڑیوں کو اپنی ٹیموں کا حصہ بنایا ہے۔ ان میں صائم ایوب، شاداب خان، نسیم شاہ، عثمان خان، معاذ صداقت، سفیان مقیم، حنین شاہ اور عثمان طارق شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان میں سے 6 کھلاڑی نیشنل چیمپئنز کپ میں اپنی متعلقہ ٹیموں کی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں، جبکہ حنین شاہ اور عثمان طارق ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شریک نہیں ہوں گے۔
نیشنل چیمپئنز کپ 50 اوورز کے فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔ سات میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان میں شیڈول ہے، جس کے باعث اس کا سی پی ایل کے شیڈول سے ٹکراؤ ہو رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو سی پی ایل کے لیے این او سی جاری کرنے کا عمل 19 اگست سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
چیمپئنز کپ کو پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں قومی سطح پر نئے ٹیلنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آئندہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا جائے گا۔
