مری کے علاقے سائن روڈ مسیاڑی میں نجی اسکول کی وین کھائی میں گرنے کے بعد آگ کی زد میں آگئی، جس کے نتیجے میں وین میں سوار 11 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد شدید زخمی ہونے والے 4 بچوں کو علاج کے لیے ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کردیا گیا جبکہ 7 بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال مری پہنچایا گیا۔
ڈی پی او مری رضا تنویر کے مطابق وین میں 2 نجی اسکولوں کے بچے سوار تھے۔ متاثرہ بچوں میں ارحم، حسن طالب اور عائشہ سمیت دیگر بچے شامل ہیں، جن میں بعض کو شدید نوعیت کے جھلسنے کے زخم آئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 8 بچے اس وقت مستحکم حالت میں ہیں، جن میں 2 بچے جھلسنے سے محفوظ رہے جبکہ 6 بچوں کو معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے وین میں لگی آگ پر قابو پالیا، جبکہ جائے حادثہ پر کولنگ کا عمل بھی جاری رکھا گیا۔
ڈی پی او مری کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ بریک فیل ہونا سامنے آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور زیادہ متاثرہ بچوں کو راولپنڈی ریفر کیا گیا۔
رضا تنویر نے بتایا کہ وین میں مجموعی طور پر 12 بچے سوار تھے۔ انہوں نے کہا کہ دو ماہ قبل بھی مری میں اسکول وین میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد مقامی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں چلنے والی گاڑیوں کی فٹنس بھی چیک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
