وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا ج ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ گلوبل ورچوئل سکول ہمارا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس کا مقصد سکولوں سے باہر بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور صوبے کے دور دراز علاقوں میں تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں اپنے دفتر میں منیجنگ ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن قیصر عالم کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر ایم ڈی ای ایس ای ایف قیصر عالم نے وزیر تعلیم کو گلوبل ورچوئل سکول منصوبے کی پیش رفت، انرولمنٹ اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر تعلیم نے ای ایس ای ایف کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ اس منصوبے کو مزید تیز کیا جائے اور اس پر عمل درآمد میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے وژن کے تحت خیبر پختونخوا حکومت ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیمی شعبے میں جدت لانے کے لیے پرعزم ہے۔ایم ڈی ای ایس ای ایف نے یقین دہانی کرائی کہ گلوبل ورچوئل سکول کو ملک کے لیے ایک مثالی منصوبہ بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔ملاقات میں محکمہ تعلیم کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
