نئی دہلی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ سال ہونے والی پہلی ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سری لنکا سے واپس لے کر بھارت کو دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کو 6 ٹیموں پر مشتمل تاریخی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنا تھی، تاہم سری لنکا کرکٹ کے معاملات میں حکومتی مداخلت اور بورڈ سے متعلق جاری مسائل کے باعث آئی سی سی نے میزبان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔
آئی سی سی کے مطابق سری لنکا کرکٹ کو جولائی میں ہونے والی سالانہ کانفرنس کے دوران تجویز کردہ اصلاحات پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق بنگلادیش اور جنوبی افریقا نے بھی ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی تھی، تاہم آئی سی سی بورڈ نے بھارت کو متبادل میزبان کے طور پر منظور کرلیا۔
ممبئی اور وڈودرا میں میچز کھیلے جائیں گے
ویمنز چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز بھارت کے شہروں ممبئی اور وڈودرا میں کھیلے جائیں گے۔
مردوں کی چیمپئنز ٹرافی کے برعکس خواتین کا ایونٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں منعقد ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں شریک 6 ٹیمیں راؤنڈ رابن مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے والی 2 ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
ایونٹ میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
