اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سانحہ پمز میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، جبکہ وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں اسپتال کی بہتری کے اقدامات یقینی بنائیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغستان سے وطن واپسی کے فوری بعد وزارت صحت کے امور اور پمز آتشزدگی کے واقعے سے متعلق ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، سیکریٹری صحت کیپٹن (ر) محمد محمود اور پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو شعبہ صحت سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی، جبکہ پمز اسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی جاری تحقیقات کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا۔
حکام نے وزیراعظم کو بتایا کہ عبوری تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم کی جانب سے دی گئی ہدایات اور فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ سانحہ پمز میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم نے وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ باری باری پمز اسپتال میں اپنی ذاتی موجودگی یقینی بنائیں اور اپنی نگرانی میں اسپتال کی بہتری کے لیے اقدامات پر عملدرآمد کرائیں۔
انہوں نے پمز اسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات بہتر بنانے کے ساتھ تمام حفاظتی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے شعبہ صحت میں جاری اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرنے پر بھی زور دیا۔
SEO Title
سانحہ پمز: مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، وزیراعظم
Short Title
سانحہ پمز، غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو رعایت نہیں ملے گی
Meta Description
وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ پمز میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کو اسپتال کی بہتری اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
