امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو اقتصادی پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثے واپس کرنے کی پیشکش سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایران کو ایسی کوئی پیشکش نہیں کی۔ انہوں نے امریکی میڈیا ادارے ایگزیوس کی رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
ٹرمپ نے دیگر میڈیا رپورٹس پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے متعلق ان کے مؤقف کے بارے میں سامنے آنے والی اطلاعات درست نہیں ہیں۔
دوسری جانب اس سے قبل امریکی میڈیا میں رپورٹ کیا گیا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے جوہری پروگرام میں ٹھوس پیش رفت کے بدلے اقتصادی پابندیوں میں نرمی اور منجمد ایرانی اثاثے بحال کرنے پر غور کررہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ امریکا ثالثوں کے ذریعے ایران کے ساتھ بات چیت کررہا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق جوہری معاملات پر مکمل پیش رفت کے بغیر ایران کے ساتھ کسی معاہدے کا امکان نہیں، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ اس معاملے پر اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
