کراچی: پاکستان بھر میں 79واں یومِ آزادی آج قومی جوش و جذبے، ملی یکجہتی اور وطن سے محبت کے عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملکی سلامتی، ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی پاک فوج کے دستوں نے روایتی انداز میں توپوں کی سلامی پیش کی۔
مسلح افواج کے ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی
یومِ آزادی کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز اور مسلح افواج کے دیگر ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔ قومی پرچم سربلند کیا گیا اور قومی ترانے کی دھن پر فضا ملی جذبے سے گونج اٹھی۔
تقریبات میں وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے ملکی دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزار قائد پر تبدیلیِ گارڈز کی تقریب
کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلیِ گارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا اور سندھ کو پاکستان کے قیام میں اپنے تاریخی کردار پر فخر ہے۔
مسلح افواج کے سربراہان کا قوم کو پیغام
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
مسلح افواج کے سربراہان نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے افواج قوم کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
پشاور میں جشن آزادی کی تقریب
پشاور گورنر ہاؤس میں بھی 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی پرچم لہرایا۔
ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ قومی ترانے کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
کراچی کے ساحل پر آزادی کی تقریبات
ڈی ایچ اے کراچی کے زیرِ انتظام نشانِ پاکستان پر بھی یومِ آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ پرچم کشائی اور قومی ترانے کے بعد طلبہ نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے۔
تقریب میں کار ریلی اور ہیوی بائیک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ شہریوں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اسٹیٹ بینک میں پرچم کشائی
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے کراچی ہیڈ آفس میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، جہاں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے قومی پرچم لہرایا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ ماضی کی قربانیوں کو یاد کرنے اور مستقبل کے لیے نئے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2026 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 7.1 فیصد جبکہ معاشی نمو 3.7 فیصد رہی۔ ان کے مطابق رواں مالی سال معاشی نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
کراچی بندرگاہ پر بھی جشن آزادی
کراچی بندرگاہ پر یومِ آزادی کی پروقار تقریب میں وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے قومی پرچم لہرایا۔
انہوں نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو پاکستان کے قیام کے لیے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
ایف آئی اے کراچی زون میں تقریب
ایف آئی اے کراچی زونل آفس اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی یومِ آزادی کی خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی نے قومی پرچم لہرایا جبکہ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب میں ایف آئی اے کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی اور ملک کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملک بھر میں اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ قومی اتحاد، امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
