اسلام آباد: پاکستان نے اڈہ سراج نارووال میں ہندو مندر سے متعلق بھارتی الزامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزارت خارجہ کے مندر سے متعلق دعووں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی الزامات حقائق کے منافی ہیں اور ان کا مقصد سیاسی مفادات حاصل کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق اڈہ سراج مندر کی عمارت 21 جولائی کو ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث متاثر ہوئی تھی۔ مقامی حکام نے بارشوں سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے بعد مندر کی بحالی اور مرمت کے اقدامات شروع کردیے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارت کی جانب سے حقائق کو مسخ کرنے کی کوششوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسی سیاسی چالیں بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے سلوک سے توجہ نہیں ہٹا سکتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر ہونے والے حملوں اور اقلیتوں کے خلاف مبینہ مظالم سے دنیا آگاہ ہے، جبکہ بھارتی قیادت کو مسلمان، سکھ اور مسیحی برادریوں کے خلاف مظالم کے حوالے سے جوابدہ ہونا چاہیے۔
