پاکستان نے 2026 کے ماحولیاتی کارکردگی انڈیکس (EPI) میں 22 درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے 177 ممالک میں 157ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
ییل سینٹر فار انوائرنمنٹل لا اینڈ پالیسی کے جاری کردہ انڈیکس کے مطابق 2024 میں پاکستان 179ویں نمبر پر تھا۔ 2026 کے انڈیکس میں پاکستان کا اسکور 29.03 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھارت کا اسکور 22.46 رہا۔
ماحولیاتی کارکردگی انڈیکس میں ممالک کی کارکردگی کا جائزہ 47 اشاریوں اور 12 ماحولیاتی شعبوں کی بنیاد پر لیا جاتا ہے۔ ان شعبوں کو ماحولیاتی صحت، ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سمیت تین بڑے زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مختلف صوبوں میں آلودگی کی روک تھام اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
پنجاب میں سموگ سیزن سے قبل صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف معائنوں اور کارروائیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
فضائی آلودگی کی نگرانی کے لیے ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور ایئر کوالٹی پیش گوئی کے نظام کو بھی وسعت دی جارہی ہے، جبکہ گاڑیوں کے اخراج کی جانچ اور صنعتی یونٹس کی نگرانی کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیوں اور تعلیمی اداروں میں ماحولیاتی آگاہی کے مختلف پروگرام بھی جاری ہیں۔
